لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے، چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے جاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔
اس سے قبل وسیم اکرم، فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔
پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے والے جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، جب ایک کرکٹر پاکستان کرکٹ کے معاملات کی سربراہی سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کیے جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی قربانیاں دے کر اس مقام تک پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ میدان میں اترتے تھے تو وہ ٹیم اور اپنے ملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتے تھے، وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سخت محنت کیا کرتے تھے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کی ہر اچھی اننگز کو ماضی میں چھوڑ کر مستقبل پر نظر جمایا کرتے تھے اور کوشش ہوتی تھی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنے دور میں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ نصیب ہوا، جنہوں نے ہمیشہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی، وہ کیرئیر میں بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی عوام کے بھی مشکور ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے، وہ جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ان کی کرکٹ کے لیے بے پناہ خدمات کا اعتراف ہے۔
جاوید میانداد نے 1975-1996 تک پاکستان کی نمائندگی کی اور اس دوران انہوں نے 357 انٹرنیشنل میچز میں 31 سنچریوں کی مدد سے 16ہزار213 رنز بنائے۔ 1973-74 سے 1993-94 پر مشتمل اپنے ڈومیسٹک کیرئیر میں میانداد نے 80 سنچریاں اور 139 نصف سنچریاں بنائیں، جہاں انہوں نے 28ہزار663 رنز اسکور کیے تھے۔
جاوید میانداد نے 1975 کا ورلڈ کپ 18 سال کی عمر میں کھیلا اور پھر عمران خان کی قیادت میں آسٹریلیا میں 1992 کا ورلڈکپ جیتا۔ انہوں نے پانچ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔