نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی سطح پر ہونے والے کبڈی کے بڑے مقابلوں میں حصہ لینے والے معروف بھارتی کھلاڑی سندیپ سنگھ کو نامعلوم افراد نے ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب میں ایک کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران نامعلوم افراد نے کبڈی کی بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سندیپ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں انہیں 10 گولیاں لگیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے شہر جالندھر میں ٹورنامنٹ جاری تھا کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تقریباً 4 ملزمان نے سندیپ سنگھ پر گولیوں کی بوچھاڑ کی جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
حملے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مقابلے میں شامل دیگر کھلاڑیوں اور شرکا نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔
مقتول کھلاڑی بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان رہ چکے تھے، انہوں نے بین الاقوامی سطح پر کئی مقابلے میں بھی منعقد کرائے، وہ اپنے گاؤں میں بھی کبڈی کے ٹورنامنٹ کرانے کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے بیوی بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔